دنیا بھر میں مہنگے ترین شہروں کی درجہ بندی کرنے والی تنظیم کے مطابق ایک بار پھر ہانگ کانگ نے رہائش اور کھانے پینے کے اعتبار سے مہنگا ترین شہر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ اس فہرست میں امریکی شہر نیویارک جو گزشتہ سال چوتھے نمبر پر تھا، اب دوسری پوزیشن پر قبضہ جمانے میں کامیاب ہوا ہے۔
ایک بار پھر سوئس شہر جینوا کا نمبر تیسرا ہی ہے ۔ جبکہ دنیا کے مہنگے ترین شہروں میں برطانوی شہر لندن کا چوتھا نمبرہے۔ اسی طرح ٹوکیو 5 ویں پوزیشن پر ہے۔ درجہ بندی کرنے والی تنظیم کا کہنا ہے کہ اُس نے 120 ممالک کے 207 شہروں کی یہ درجہ بندی کی ہے۔ جس میں دبئی کا نمبر 14 واں ہے۔ مہنگے ترین شہروں کا جائزہ لینے کے لیے وہاں کی طرز زندگی، معیار اور رہائش کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں کو ذہن میں رکھا گیا۔ ہانگ کانگ مسلسل دوسرے سال مہنگا ترین شہر اس لیے بھی قرار دیا گیا ہےکیونکہ یہاں رہائش کا اہتمام انتہائی مہنگا ہےجبکہ غیر ملکی سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ان مہنگے ترین شہروں کا رخ کرتے ہوئے اپنے اخراجات کا درست تخمینہ لگائیں۔
Discussion about this post