امریکی میگزین ٹائم میگزین نے الیکٹرک کار کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلن مسک کو سال کا بہترین شخص قرار دیتے ہوئے اپنے کور فوٹو میں جگہ دی ہے۔ میگزین کے مطابق انسانوں کو زمین سے مریخ پر بھیجنے کی تیاری ایلن مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کررہی ہیں، دنیا میں دو تہائی بجلی سے چلنے والی اور بنا ڈرائیور کی گاڑیاں ان کی کمپنی ٹیسلا بناتی ہیں جبکہ ناسا کے خلاء بازوں کو چاند پر بھیجنے کی ذمہ داری بھی اسپیس ایکس نے اٹھالی ہے۔ایلن مسک اس وقت دنیا کے امیر ترین شخص ہیں ان کی دولت کا تخمینہ اڑھائی سو ارب ڈالر سے زیادہ ہے لیکن اس کے باوجود ان کے پاس کوئی ذاتی گھر نہیں ہے ۔ ٹائم ایڈیٹر ان چیف اور سی ای او ایڈورڈ فیلسنتھل نے ایک بیان میں کہا، "سال کا بہترین شخص اثر و رسوخ کا نشان ہے، ایلن مسک ان افراد میں سے ایک ہیں جنھوں نے زمین پر زندگی اور ممکنہ طور پر زمین سے باہر کی زندگی پر گہرا اثر ڈالا ہے۔ مسک نہ صرف دنیا کے امیر ترین شخص کے طور پر ابھرے بلکہ ہمارے معاشرے میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی شاید سب سے امیر مثال کے طور پر بھی ابھرے ہیں۔”
ٹائم میگزین نے حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال اکتوبر میں مسک کی الیکٹرک کار کمپنی کی قیمت ایک ٹریلین ڈالر سے بڑھ گئی، اور راکٹ کمپنی اسپیس ایکس نے امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے ساتھ مل کر مختلف مشن شروع کیے جن میں سیارچے سے زمین کی حفاظت کا ٹیسٹ رن بھی شامل ہے۔ فوربس کی ریئل ٹائم ارب پتیوں کی فہرست کے مطابق 50 سالہ ایلن مسک نے وبائی امراض کے دوران اپنی دولت میں 250 بلین ڈالر سے بڑھ کر اپنی دولت کا ایک بڑا حصہ کورونا بحران کے لیے عطیہ کیا۔ زمین سے خلا کا سفر، بنا ڈرائیور کے فراٹے بھرتی گاڑیاں اور برین چپ نیورولنگ جیسے ایلن مسک کے اکثر کریزی آئیڈیاز نوجوان نسل کو نہ صرف متاثر کرتے ہیں بلکہ ان کے اندر کچھ نیا کرنے کی امنگ کو بھی پروان چڑھاتے ہیں، اسی لیے حال ہی میں انہوں نے ٹوئٹر صارفین کو باخبر کیا ہے کہ وہ ’اپنی نوکری چھوڑ کر فل ٹائم انفلوائنسر بننے کے متعلق ذہن بنا رہے ہیں۔
Discussion about this post