دبئی میں کھیلے جانے والے انڈر 19ایشیا کپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2وکٹوں سے شکست دے کرسیمی فائنل کھیلنے کے لیے راہ ہموار کرلی۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 237رنز بنا کر تمام وکٹیں گنوادیں۔پاکستانی نوجوان بالر ذیشان ضمیر نے 5شکار کیے جبکہ اویس علی کے حصے میں 2وکٹیں آئیں۔
بھارت کی جانب سے کپتان آرادھیا یادیو نصف سنچری بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ جبکہ ہارنور سنگھ نے 46رنز کی باری کھیلی۔ جواب میں پاکستان کا آغاز تباہ کن تھا۔ بغیر کھاتہ کھولے ایک کھلاڑی آؤٹ ہو کر ڈریسنگ روم چلتا بنا لیکن اس موقع پر محمد شہزاد اور معاذ صداقت نے جم کر بھارتی بالرز کا سامنا کیا۔ شہزاد 81رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے تو بھارتی بالرز ایک بار پھر کھیل پر چھا گئے۔ ایک مرحلے پر پاکستان کے46ویں اوورز میں 206رنز پر 6کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے اور ہدف مشکل سے مشکل ہوتا جارہا تھا لیکن اس مرحلے پر احمد خان نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر جیت کی امید برقرار رکھی۔
آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 8رنز درکار تھے لیکن میچ کی پہلی گیند پر 8ویں کھلاڑی آؤٹ ہوگیا جس کے بعد علی اسفند اور احمد خان نے بھارتی ارمانوں کو خاک میں ملادیا۔ میچ کی آخری گیند پر پاکستان کو 2رنز کی ضرورت تھی، احمد خان نے روی کمار کو زوردار چوکہ مار کر2وکٹوں سے میچ ہی نہیں جیتا بلکہ پاکستان کو سیمی فائنل تک پہنچادیا۔
انڈر 19ایشیا کپ کے گروپ اے میں پاکستان 4پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔ پاکستان کا آخری گروپ میچ متحدہ عرب امارات کے خلاف ہے۔محمد شہزاد کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔
Zeeshan Zameer talks about his 5 wicket haul, along with player of the match Mohammad Shehzad and team captain Qasim Akram sharing their excitement on today’s match. #ACC #U19ASIACUP #PAKvIND pic.twitter.com/YT0UEwGb86
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 25, 2021
ٹیم کی کامیابی پر چیئرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے بھی نوجوان کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے ان کے اعتماد کو قابل قدر قرار دیا۔
Discussion about this post