شجر کاری مہم کے سلسلے میں اب وزیراعظم عمران خان کا ایک اور بڑا قدم۔ پاکستان کے پہلے "اسمارٹ جنگل” کا افتتاح پودا لگا کر کیا گیا۔ یہ منفرد اور اچھوتا منصوبہ لاہور کے قریب شیخو پورہ کے رکھ جھوک جنگل میں شروع کیا جارہا ہے ۔ جس کا رقبہ 24 ہزار کنال اراضی بتایا گیا ہے، جو اسمارٹ سینسرز اور نگرانی کے نظام سے آراستہ ہوگا ۔ اس مقصد کے لیے ٹیکنالوجی کی بڑی چینی کمپنی ” ہواوے ” کی شراکت بھی حاصل ہوگی ۔

اسمارٹ جنگل ہوگا کیسا ؟
ماحول دوست یہ منصوبہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا ایک اہم حصہ ہے ۔ جس کا مقصد سر سبز پاکستان کے خواب کی تعبیر ہے ۔ ساتھ ساتھ دریائے راوی کی بحالی جدید زرعی فارمنگ کے ذریعے ممکن کی جائے گی ۔ جہاں ایک کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں گے ، جبکہ بوٹینیکل گارڈنز ، پھلوں کے باغات ، ریور پارکس ، واکنگ ٹریکس ، 13 اقسام کے مختلف پرندوں کا مسکن بھی بنایا جائے گا ۔ جہاں یہ ” اسمارٹ جنگل ” رکھ جھوک کی زرخیز زمین کو زیادہ سرسبز و شاداب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا ، وہیں ماحولیاتی نظام کی بحالی کا بھی مرکز ہوگا۔ جس میں ٹیکنالوجی کے ذریعے ہر پودے کی نشوونما کا جائزہ لیا جاسکے گا۔
سینسرز کے ذریعے یہ بھی معلوم کیا جاسکے گا کہ کوئی درخت کسی نے کاٹا تو نہیں ۔ پھر درخت کے اوپری حصے کی ساخت کا بھی جائزہ سینسرز کی مدد سے ہی لیا جاسکے گا ۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی آلودگی نے لاہور کا روایتی حسن اور شادابی کو متاثر کیا ہے ۔ جبکہ ماحولیاتی آلودگی کی بنا پر عوام مختلف بیماریوں کا بھی شکار ہورہے ہیں ۔ اسی سوچ کے پیش نظر اس ” اسمارٹ جنگل ” کے ذریعے لاہور کی آب و ہوا کی بحالی ممکن ہو سکے گی ۔ پاکستان کے پہلے ” اسمارٹ جنگل ” کے ذریعے سیاحت اور جدید خطوط پر آراستہ زراعت کو بھی غیر معمولی طور پر فروغ ملے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چند دنوں پہلے ” میاواکی جنگل ” کا بھی افتتاح کرچکے ہیں اور ان کی خاص دلچسپی اس بات پر مرکوز ہے کہ ملک بھر میں شجر کاری کی مہم کو بڑے پیمانے پر شروع کیا جائے ۔
وزیراعظم عمران خان کے خیالات
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے جنگلات کم ہوئے ، ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہوا اور جانوروں کی اموات بھی بڑھی ۔ بچپن سے لاہور میں رہا ، لاہور باغات کا شہر تھا لیکن پھر دھیرے دھیرے سب کچھ بدلنے لگا۔
دریائے راوی میں لاہور کا سیوریج کا پانی بھی گرنے لگا۔ ” رکھ جھوک کے اسمارٹ جنگل ” کا فائدہ صرف لاہور کو ہی نہیں پورے پاکستان کو ہوگا ۔ وزیراعظم عمران خان نے ” اسمارٹ جنگل ” کا نام دینے کی وضاحت کرتے ہوئے ” اسمارٹ لاک ڈاؤن ” کا حوالہ دیا۔
انہوں نے اس بات کا شکوہ کیا کہ سال 2013 تک پاکستان میں صرف 64 کروڑ درخت اگائے گئے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب 10 ارب درختوں کا ہدف پورا کرلیں گے تو پورا پاکستان ہی بدل جائے گا اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پالیا جائے گا۔ اسی طرح ہر شہر سرسبز ایسا ہوگا کہ خوشحالی کی نئی بہار لے کر آئے گا ۔
Discussion about this post