اسلام آباد ہائی کورٹ میں بشریٰ بی بی پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر کا موقف تھا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف نیب میں 4 کیس درج ہیں۔ 3کیس راولپنڈی میں اور ایک کیس نیب لاہور میں ہے۔ راولپنڈی پولیس اور اسلام آباد پولیس نے بھی اپنا جواب جمع کرادیا جبکہ ایف آئی اے اور بلوچستان پولیس نے جواب جمع نہیں کرایا۔ راولپنڈی پولیس نے بشریٰ بی بی کو جی ایچ کیو حملہ سمیت 9 مئی کے11 کیسز میں ملزم نامزد کرتے ہوئے ان کے خلاف ضلع راولپنڈی میں درج 11مقدمات کی تفصیلات ہائیکورٹ میں پیش کردیں۔ سی پی او راولپنڈی نے رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کرائی۔ عدالت نے ایف آئی اے اور بلوچستان پولیس کو پیر کے لیے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی۔ معلوم ہوا ہے کہ بشریٰ بی بی کو آرمی میوزیم ،جی ایچ کیو گیٹ 4 حملہ کیس، صدر کینٹ میں حساس عسکری عمارت جلانے، مری روڈ پر حساس ادارے کے دفتر پر حملے، مختلف علاقوں میں جلاؤ گھیراؤ توڑ پھوڑ، تھانہ آر اے بازار، سول لائن، نیو ٹاؤن ،سٹی ،وارث خان ،ٹیکسلا تھانہ کیسوں میں نامزد کیا گیا ہے۔
Discussion about this post