کراچی کے نجی شاپنگ مال کے تیسرے فلور سے بے روزگاری سے بے زار ہو کر ایک اور نوجوان زوہیر نے چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر موت کو گلے لگالیا۔متوفی انچولی کے علاقے کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق زوہیر گزشتہ کئی ماہ سے نوکری کی تلاش میں تھا۔ اس دلخراش واقعہ کی سی سی ٹی فوٹیج بھی سوشل میڈیا میں گردش میں ہے، جس میں نوجوان تیسری منزل سے چھلانگ لگا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق اسے شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال لایا گیا لیکن دوران علاج وہ چل بسا۔ زوہیر کے قریبی دوستوں کا یہی کہنا ہے کہ اُس نے بے روزگاری اور مہنگائی کے ہاتھوں مجبور ہو کر خودکشی کی ہے لیکن پولیس کے مطابق وہ اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ کہیں انہی دوستوں کے اکسانے پر زوہیر نے تیسری منزل سے چھلانگ لگانے کا کوئی ایڈونچر تو سرانجام نہیں دیا، جو اسے موت کی آغوش میں لے گیا،نوجوان نے خودکشی کی یا پھر کوئی اور بات ہے، اس بات کا تعین متوفی کے والدین سے پوچھ کر ہی ممکن ہوگا۔ چند دن قبل متعلقہ نجی شاپنگ مال کے مقابل فلیٹس میں رہنے والا میڈیا ورکر فہیم مغل بھی مسلسل بے روزگاری کی بنا پر گلے میں پھندا لگا کر جھول گیا تھا۔ فہیم مغل گزشتہ کئی ماہ سے بے روزگار تھا، جسے اخبار سے نکال دیا گیا تھا۔جبکہ 6بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے رکشہ چلاتا تھا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث وہ کچھ نہیں بچا پا رہا تھا۔
Discussion about this post