قطر کے دارالحکومت دوحہ میں فیفا ورلڈکپ 2022 کے لیے 974 کنٹینروں کی مدد سے ایک حیرت انگیز فٹبال اسٹیڈیم تیار کیا گیا ہے جسے اپنی ساخت کے اعتبار سے ‘974 اسٹیڈیم’ ہی پکارا جائے گا ۔ ایک منفرد کانسپٹ کے ساتھ اس اسٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز 2017 میں کیا گیا تھا، اسوقت اس کا تجویز کردہ نام ’’راس ابو عبود‘‘ تھا جسے بعد میں تبدیل کردیا گیا۔ اسٹیڈیم کے ڈھانچے میں لوہے کی ہزاروں سلاخیں استعمال کرتے ہوئے کنٹینرز کو جوڑ کر قطار در قطار نشستیں بنائی گئی ہیں۔ یہاں میچ دیکھنے کے لئے بیک وقت 40 ہزار افراد بیٹھ کر میچ دیکھ سکیں گے لیکن اس اسٹیڈیم کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ ورلڈ کپ مکمل ہونے کے بعد اس پورے اسٹرکچر کو ٹکڑوں میں الگ الگ کر کے سرے سے ختم کیا جاسکے گا۔
یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2022 کا آغاز 21 نومبر کو ہو گا جس میں قطر کی ٹیم افتتاحی میچ کھیلے گی۔ 2 دسمبر تک ہر روز 4 گروپ میچز کھیلے جائیں گے جبکہ تین سے چھ دسمبر تک پری کوارٹر فائنل، نو اور دس دسمبر کو کوارٹر فائنل کھیلے جائیں گے۔ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل 13 اور 14 دسمبر جبکہ فائنل 18 دسمبر 2022 کو کھیلا جائے گا۔
Discussion about this post