بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سیف علی خان کی شریک سفر کرینا کپور اور اُن کی قریبی دوست امرتا اروڑا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ جبھی دونوں اداکاراؤں نے سب سے خود کو الگ تھلگ کرلیا ہے۔ کرینا کپور اور امرتا اروڑا نے حال ہی میں ممبئی میں ایک پارٹی میں شرکت کی تھی۔ جس کے بعد ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ ممبئی کی میونسپل کارپوریشن نے دونوں اداکاروں سے میل جول رکھنے والے اور خاص کر وہ افراد جو ممبئی کی اُس پارٹی میں شریک تھے، ان سے فوری طور پر آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا ہے۔
میونسپل کارپوریشن کا کہنا ہے کہ دونوں اداکارائیں گزشتہ کئی ماہ سے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کررہی تھیں اور مختلف مقامات پر تقریبات کا اہتمام کرکے دوست احباب کو اکٹھا کرتی رہی ہیں۔ اسی بنا پر خطرہ یہ بھی ہے کہ ان تقریبات میں جو بھی شریک ہوئے ہیں، ان میں سے کوئی نہ کوئی اور بھی کورونا کا شکار ہوا ہوگا۔ یاد رہے کہ کرینا کپور اور امرتا اروڑا قریبی سہلیاں تصور کی جاتی ہیں۔ جو بیشتر مقامات پر ساتھ ساتھ نظر آتی ہیں۔
کرینا کپور کے کورونا کے ٹیسٹ مثبت آنے سے اُن کی زیر تکمیل ’لال سنگھ چھڈا‘ تعطل کا شکار ہوسکتی ہے۔ جس میں کرینا کپور عامر خان کے مقابل اداکاری کررہی ہیں۔
Discussion about this post