مس یونیورس کا تاج سر پر سجانے والی بھارتی دوشیزہ ہرناز ساندھو سے میزبان اسٹیو ہاروی نے سوال کیا کہ سنا ہے کہ آپ جانوروں کی آوازیں نکالنے پر خاصی مہارت رکھتی ہیں۔ کیا کوئی ہے ایسی بہترین نقل جو پیش کی جاسکے۔ بھارتی حسینہ پل بھر کے لیے گھبرائیں لیکن اپنے حواس پر قابو رکھتے ہوئے گویا ہوئیں کہ انہیں یقین نہیں تھا کہ اسٹیج پر اُن سے یہ بھی دریافت کیا جائے گا، بہرحال اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ میں اسٹیو ہاروی کی فرمائش پوری کروں۔ہرناز نے چند سکینڈز کے اندر ہی بلی کی ’میاؤں میاؤں‘ کی آواز نکال کر مہمانوں کے چہروں کو کھکھلا دیا۔
Harnaaz Sandhu "meow” on stage. #HarnaazSandhu #MissUniverse #Harnaaz #harnaazkaursandhu #MissUniverso2021 pic.twitter.com/ddTDpAnW3P
— LOL My World (@LOLMyWorld1) December 13, 2021
بات آئی گئی ہوگئی لیکن امریکی ذرائع ابلاغ پر اسٹیو ہاروی کی اس فرمائش پر خاصی کڑی تنقید کی جارہی ہے۔ دوسری جانب اسٹیو ہاروی کا موقف ہے کہ انہوں نے اپنی جانب سے کوئی ایسا بے ہودہ یا قابل اعتراض سوال دریافت نہیں کیا۔ جو سوالات منتظمین نے کارڈ پر لکھے تھے۔ وہی انہوں نے ہرناز اور دیگر حسیناؤں سے بھی پوچھے۔ مس یونیورس ہرناز ساندھو نے بعد میں ٹی وی انٹرویو دیتے ہوئے خود اس بات کااعتراف کیا کہ انہیں اسٹیو ہاروی کے سوال پر کوئی عجیب بات نہیں لگی بلکہ اُنہوں نے تو لطف اٹھایا۔
کامیڈین اسٹیو ہاروی پر تنقید تو یہ بھی ہورہی ہے کہ انہوں نے تعلقات استعمال کرکے مس یونیورس کے ججوں کے پینل میں بیٹی لوری ہاروی کو شامل کرایااور اس الزام کو اسٹیو ہاروی مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ماڈل بیٹی نے اپنی قابلیت اور اہلیت کے باعث اس پینل سے رسائی حاصل کی۔
مس یونیورس جیسے مقابلہ حسن کے دوران اسٹیو ہاروی کسی نہ کسی تنازعے میں گھرے رہتے ہیں۔ 2015میں جب وہ میزبانی کررہے تھے تو مس یونیورس کے لیے کولمبیا کی دوشیزہ کا نام پکارا لیکن بہت جلد انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوا کہ انہوں نے غلط نام پڑھ دیا ہے۔ اسی بنا پر مس کولمبیا سے تاج لے کر مس فلپائن کے سر پر سجایا گیا۔ پھر 2019میں وہ ملکوں کے ثقافتی لباس کی پہچان کو غلط بیان کر گئے۔
Discussion about this post