کراچی کے علاقے شیر شاہ پراچہ چوک دھماکے سے گونج اٹھا، جس کے باعث کئی گاڑیاں اور دکانیں تباہ ہوگئیں۔ دھماکے کی وجہ سے قریبی بینک کی عمارت بھی ملبے کا ڈھیر بن گئی ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق 10افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر تو یہ دھماکہ گیس پائپ لائن پھٹنے کا لگتا ہے کیونکہ گیس پائپ لائن نالے کے نیچے سے گزر رہی تھی اور گیس اس قدر بھر گئی کہ دھماکہ ہوگیا جس نے تباہی مچا دی لیکن مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ زخمیوں کا قریبی اسپتال میں علاج جاری ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے شیر شاہ کے قریب دھماکے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے زخمیوں کی ہر ممکن نگہداشت کا حکم دیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دھماکے جس مقام پر ہوا وہاں سے نالہ گزر رہا تھا اور بینک کی عمارت بھی نالے والی زمین پر بنائی گئی تھی۔
Discussion about this post