ملک بھر میں اومیکرون ویرئنٹ پھیلنے کے بعد سے کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر قائد میں کورونا کی شرح 35.30 فیصد رہی اس کے باوجود سندھ حکومت نے کراچی سمیت اسکولز کھلے اور تعلیمی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کرونا ٹاسک فورس اجلاس میں تمام شادی ہالز، مارکیٹوں اور عوامی مقامات پر ماسک پہننا اور ویکسی نیشن کارڈ چیک کرنا لازمی قرار دیا گیا۔ اجلاس میں فوری طور پر شادی ہالوں کی بندش کی تجویز کو زیر غور نہیں لایا گیا البتہ شادی تقریبات میں کھانا باکس میں دینے کی ہدایت دی گئیں ہیں، جس پر فوری عملدرآمد کرایا جائے گا۔ سرکاری ملازمین کو بری خبر سناتے ہوئے اجلاس میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ کاٹنے کی تجویز دی گئی۔ اجلاس میں اومیکرون کیسز کی حقیقی تعداد معلوم کرنے کے لئے تمام سرکاری و نجی اسپتالوں کا سروے کرنے اور اس دوران اسپتالوں کی گنجائش کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں ویکسی نیشن کا عمل تیز کرنے اور عوام سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
Discussion about this post