پاکستان سپر لیگ کے سیزن 7کے مقابلوں کے آغاز میں چند دنوں کا فاصلہ رہ گیا ہے۔ اس بڑے ایونٹ میں پاکستان کے 2صف اول کے وکٹ کیپرز محمد رضوان اور سرفراز احمد اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کریں گے اور دونوں کے درمیان یہ ٹاکرا پرستاروں کے لیے دلچسپی کا باعث بن سکتا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفرازاحمد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے ناصرف چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی حاصل کی بلکہ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کے بہترین کپتانوں کی فہرست میں شمار ہوتے ہیں۔ سرفراز احمد، پی ایس ایس کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں 7ویں نمبر پر ہیں۔ وہ اب تک ٹورنامنٹ میں 1189رنز بناچکے ہیں۔ جبکہ ان کی ٹیم کا شمار ان 3ٹیموں میں ہوتا ہے، جس کی پی ایس ایل میں جیت کی شرح50فی صد سے زائد ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم سرفراز احمد کی کپتانی میں ٹورنامنٹ کے ابتدائی دونوں فائنلز میں رسائی حاصل کرنے کے بعد تیسرے کی فاتح بھی رہ چکی ہے۔ جہاں تک بات ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کی ہے تو وہ گزشتہ 2برسوں سے اپنے کرکٹ کیرئیر کی زبردست فارم میں ہیں۔ کلینڈا ئیر 2021میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔ جنہوں نے 1326رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔ اس دوران انہوں نے 119چوکے اور 42چھکے بھی مارے۔ محمد رضوان نے ایک سنچری اور 12نصف سنچریاں اسکور کرنے کا بھی کارنامہ سرانجام دیا۔ ملتان سلطانز کی قیادت سنبھالی تو گزشتہ برس پہلے مرحلے میں پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر اُن کی ٹیم تھی لیکن محمد رضوان کی زبردست کپتانی نے پہلی بار انہیں پی ایس ایل کا فاتح بھی بنوایا۔
کوئٹہ اور ملتان اب تک 7مرتبہ ایونٹ میں آمنا سامنا کرچکی ہیں۔ جہاں 4میں کامیابی کا سہرہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سر پر سجا ہے۔ اس بار یہ دونوں ٹیمیں 31جنوری کو کراچی اور پھر 18فروری کو لاہور میں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔ سرفراز احمد کہتے ہیں کہ گزشتہ 2سیزن میں ملتان سلطانز نے ان کی ٹیم کے خلاف بہتر کھیل پیش کیا،
بہرحال اس بار نئی حکمت عملی کے تحت میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز میچز ہوں گے۔ اُدھر محمد رضوان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو مضبوط حریف قرار دیتے ہیں۔ بہرحال انہیں یقین ہے کہ ملتان سلطانز کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
Discussion about this post