گیڈیز چالمانڈا کے پاس اسمارٹ فون تک نہیں۔ناہی انہیں یہ معلوم ہے کہ آخر ’ٹک ٹاک‘ کیا ہے؟ لیکن اس کے باوجود ان کا ایک گیت ’لنی ہو‘ اس قدر شہرت پا گیا ہے کہ وہ میوزک لیجنڈ تصور کیے جارہے ہیں۔ افریقی ملک ملاوی سے تعلق رکھنے والے 92برس کے گیڈیز چالمانڈا کا کہنا ہے کہ بہت سارے لوگ اُن تک پہنچتے ہیں اور اسمارٹ فون میں ان کے گانے کو دکھا کر بتاتے ہیں کہ انہوں نے کیسے اس گیت کو ری مکس یا میش اپ کردیا ہے تو اُنہیں یہ سب دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوتی ہے۔اس حقیقت سے انکار نہیں کہ گیڈیز چالمانڈا کا یہ گیت 8کروڑ سے زیادہ صارفین دیکھ چکے ہیں اور ملاوی سے نکل کر اب یہ گیت دنیا بھر میں پھیل چکا ہے اور ہر کوئی اپنے انداز میں اس کو گنگناتاہے۔
گیڈیز چالمانڈاکا تعلق ملاوی کے پسماندہ دیہات سے ہے۔ جہاں وہ کچے پکے گھر میں رہتے ہیں۔ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ چھوٹے سے گاؤں سے ان کی شہرت اب دنیا کے ہر کونے میں پہنچ چکی ہے۔ گیڈیز چالمانڈا گزشتہ 7دہائیوں سے موسیقی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے 2000میں بیٹیوں کے لیے یہ مشہور گیت ’لنی ہو‘ تیار کیا تھا۔ لیکن اس گیت کو صحیح معنوں میں مقبولیت 2020میں ملی، جب گیڈیز چالمانڈا نے نوجوان گلوکار پیٹنس نامادنگو کے ساتھ اسے گایا۔ جس کے بعد اس گیت نے ٹک ٹاک کا سفر طے کیا۔
اب یہ عالم ہے کہ اس گیت کی وجہ سے گیڈیز چالمانڈا غیر معمولی مقبولیت حاصل کرگئے ہیں۔ کئی نوجوان گلوکار ایسے ہیں جو گیڈیز چالمانڈا کے ساتھ مل کر یہی گیت نہیں دیگر گانوں میں بھی اپنی آواز کا استعمال کررہے ہیں۔ گیڈیز چالمانڈا کی اب خواہش یہ بھی بن گئی ہے کہ ان کے گانے کی انہیں رائلٹی ملنی چاہیے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ شہرت ہی سب کچھ نہیں بلکہ رقم بھی بہت ضروری ہے۔
Discussion about this post