پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کا مقابلہ ہوا۔ پہلے میچ کی طرح کراچی کنگز ایک بار پھر ناکام رہی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے یہ میچ باسانی 8 وکٹوں سے جیتا۔ میچ کی خاص بات کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مین آف دی میچ فاسٹ بالر نسیم شاہ کی تباہ کن بالنگ تھی، جنہوں نے صرف 20 رنز دے کر کراچی کنگز کے 5 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔
کراچی کنگز جو پہلے میچ میں بھی رنز کے حصول میں ناکام رہی تھی اس بار بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔صرف 95 رنز پر اس کے 9 کھلاڑی ڈریسنگ روم میں آرام کررہے تھے۔ عماد وسیم آخری لمحات میں 26 رنز کی اننگ کھیل کر اسکور کو 113 رنز تک پہنچایا۔ کراچی کنگز کی جانب سے نمایاں بلے باز بابر اعظم 32 رنز کے ساتھ رہے۔ ان کے علاوہ عامر امین نے 20 رنزکی باری کھیلی جبکہ 7 بلے باز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
نسیم شاہ کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سہیل تنویر نے 2 جبکہ محمد حسنین، نواز اور جیمز فوکنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ابتدا سے ہی کراچی کنگز کو دباؤ میں رکھا۔ کوئی بلے باز کھل کر نہیں کھیل سکا۔ 114 رنز کے ہدف میں ایک بار پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر ول سمید اور احسن علی نے شاندار 76 رنز کی بنیاد رکھی۔
ول سمید 30 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ احسن علی نے ایک بار پھر وکٹ کے چاروں طرف فیلڈرز کی خوب دوڑیں لگوائیں۔ انہوں نے پی ایس ایل سیون میں مسلسل دوسری نصف سنچری بنانے کا کارنامہ سرانجام دیا۔ کوئٹہ کی جانب سے ول سمید کے علاوہ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بین ڈکٹ رہے۔
اس جیت کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل میں پوائنٹ کا اپنا کھاتہ کھول لیا ہے۔ جبکہ کراچی کنگز کو مسلسل دوسری شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ اس سے قبل ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندر کو 5 وکٹوں سے ہرا کر پوائنٹ ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
اتوار کو اسلام آباد یونایئٹڈ اپنا پہلا میچ پشاور زلمی سے دوپہر میں کھیلے گی جبکہ شام میں 2 روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندر کا ٹاکرا ہوگا۔
Discussion about this post