پاکستان سپر لیگ 7 کے 5 ویں میچ میں پشاور زلمی کے بالرز، اسلام آباد یونائٹیڈ کے اوپنرز پال اسٹرلنگ اور الیکس ہالز کے سامنے بے بس نظر آئے۔ 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دونوں اوپنرز نے ابتدا سے ہی پشاور زلمی کے بالرز کی دھنائی کردی۔
پہلی وکٹ کی شراکت میں دونوں نے 112 رنز کی بنیاد رکھی۔ مین آف دی میچ پال اسٹرلنگ جن کی اننگ 3 چھکوں اور 7 چوکے سے سجی تھی۔ بدقسمتی سے 57 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد الیکس ہالز نے دھواں دھار بیٹنگ کا تسلسل جاری رکھا۔ وکٹ کے چاروں طرف ایسے شارٹس کھیلے کہ پشاور زلمی کے بالرز کے ہاتھ پیر پھول گئے۔ کوئی بالرز ایسا نہیں تھا کہ جو اسلام آباد کے بلے بازوں کو روک پاتا۔
ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے الیکس ہالز نے صرف 54 رنز پر 82 رنز کی اننگ کھیلی۔ جس میں ایک چھکا اور 13 چوکے مارے۔ گل باز نے برق رفتاری کے ساتھ صرف 16 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔ اسلام آباد نے میچ 16 ویں اوورز کی پانچویں گیند پر شاندار چوکہ مار کر 9 وکٹوں سے جیت لیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے ایک بار پھر سہیل خان مہنگے بالرثابت ہوئے، جنہوں نے 3 اوورز میں 45 جبکہ عثمان قادر نے اتنے ہی اوورز میں 41 رنز دیے۔
اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد پشاور زلمی نے اپنی اننگ کا آغاز کیا تو ابتدا میں ہی اسے نقصان پہنچا،جب حسن علی کی تباہ کن بالنگ پر اوپنر ٹام کڈمور کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر یاسر خان اور حیدر علی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بالرز کے سامنے تھوڑی بہت مزاحمت کی لیکن شاداب خان نے پشاور زلمی کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
پہلے یاسر حان 14 رنز بن کر فہیم اشرف کا شکار بنےجبکہ پچھلے میچ کے مین آف دی میچ حسین طلعت صرف 2 رنز ہی جوڑسکے۔ اس موقع پر پشاور زلمی کے اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حیدر علی تھے، جو بمشکل 15 رنز ہی کھیل سکے۔ اس مرحلے پر پشاور زلمی کا اسکور 35 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ تھااور ایسا لگ رہا تھا کہ پشاور زلمی 100 رنز بھی نہ کرپائے گی۔
شاداب خان کے بالرز نے پشاور زلمی کے بلے بازوں کو ایسا جال میں پھنسایا کہ وہ ایک کے بعد ایک آٓؤٹ ہوتے چلے گئے۔ اس موقع پر شعیب ملک اور ردر فورڈ نے صورتحال سنبھالی اور دونوں کے درمیان 73 رنز کی شراکت ہوئی۔ جو پشاور زلمی کو اس میچ میں واپس لے آئی۔ شعیب ملک نے 25 رنز کی اننگ کھیلی۔ جبکہ وکٹ کے دوسری جانب ردر فورڈ نے جارحانہ انداز جاری رکھا۔ جنہوں نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 70 رنز کی قیمتی اننگ کھیلی۔
پشاور زلمی کی جانب سے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بین کٹنگ رہے۔جنہوں نے برق رفتاری کے ساتھ 26 رنز بنائے۔ بین کٹنگ جن کی آج سال گرہ بھی تھی۔ اُن کی شریک سفر اور پریزنٹر ایرن ہولینڈ نے اننگ کے اختتام پر سال گرہ کا گانا بھی گنگنایا۔ بہرحال اُن کی سال گرہ اس اعتبار سے یادگار نہ بن سکی کہ ان کی ٹیم شکست سے دوچار ہوگئی۔ مقررہ اوورز کے اختتام پر پشاور زلمی نے اسکور بورڈ پر 168 رنز بنادیے تھے۔ اسلام آباد کی طرف سے کامیاب بالر حسن علی اور فہیم اشرف رہے۔ جنہوں نے دو دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔محمد وسیم اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو چلتا کیا۔ میچ کی خاص بات یہ بھی رہی کہ معین اختر کے بیٹے اعظم خان جو اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔ اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے بطور وکٹ کیپر شرکت کی۔
Discussion about this post