پاکستان سپر لیگ کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک بار پھر ناکامی سے ایسی دوچار ہوئی ہے کہ اس کا فائنل فور میں جگہ بنانا مشکل ہوگیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کرنے کی تیاری کی تو ابتدا سے ہی اس کے اوپنر پاؤل اسٹرلنگ اور الیکس ہالز نے بالرز پر لاٹھی چارج کردیا۔
چوتھے اوورز میں ہی دونوں اوپنرز نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرلی تھی۔ پال اسٹرلنگ نے الیکس ہالز کی وکٹ کھونے کے باوجود کوئٹہ کے بالرز کی دھنائی چھوڑی نہیں۔ ان کی 58 رنز کی دھواں دھار اننگ میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد پی ایس ایل کا پہلا میچ کھیلنے والے مین آف دی میچ کولن منرو نے چارج سنبھالا۔
جنہوں نے بلندو بالا 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 72 رنز کی باری کھیلی۔ شاداب خان گو کہ 9 رنز بنا کر چلتے بنے لیکن اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان کے بیٹے نے والد کی ٹیم کے ارمان ٹھنڈے کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔
جنہوں نے اپنی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 6 چھکے اور پھر 2 چوکوں کے سہارے سے 35 گیندوں پر 65 رنز کی اننگ اپنے نام کے ساتھ جڑوائی۔ بالخصوص انہوں نے آفریدی کی 2 مسلسل گیندوں پر چھکے مار کر میدان میں ہلچل مچادی۔
مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر اسلام آباد نے اسکور بورڈ پر صرف 4 وکٹیں کھو کر 229 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کردیا۔ شاہد آفریدی جنہوں نے 3 میچوں کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جوائن کیا تھا۔وہ سب سے زیادہ مہنگے بالرثابت ہوئے۔ آفریدی نے 4 اوورز میں 67 رنز دے کر صرف ایک کھلاڑی کو آٓؤٹ کیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ آفریدی کو 8 چھکے پڑے۔
ان کے بعد جمیز فونکر نے 45 ، سہیل تنویر نے 43 اور نسیم شاہ نے 42 رنز کا خزانہ مخالف ٹیم کو دیا۔ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی گئیں۔ احسان علی نے گو کہ نصف سنچری بنائی لیکن وکٹ پر کوئی بلے باز ٹک کر کھڑا نہ ہوسکا۔ کپتان سرفراز احمد ایک بار پھر ناکام رہے۔جبکہ شاہد آٖفریدی صرف 4 رنز ہی بناسکے۔
جیمز فونکر اور محمد نواز نے تھوڑی بہت مزاحمت کی لیکن وہ ٹیم کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے۔ محمد نواز نے 47 رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے کپتان شاداب خان نے تباہ کن بالنگ کرائی۔ انہوں نے 4 اوورز میں صرف 28 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔
حسن علی اور محمد وسیم نے دو دو کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم بجھوایا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 186 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی یوں اس کو43 رنز سے شکست ہوئی۔
اس میچ کی جیت کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ 3 میچز میں سے 2 مقابلوں میں اب تک سرخرو رہی ہے۔ اسلام آباد، ملتان اور لاہور کے بعد تیسری ٹیم بن گئی ہے، جس نے ٹاس ہارنے کے باوجود میچ جیتا ۔ جمعے کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی ایونٹ میں پہلی بار آمنے سامنے ہوں گے۔
Discussion about this post