پاکستان سپر لیگ کے ایک اور میچ میں کراچی کنگز کو 9 رنز کی شکست کا داغ اس بار پشاور زلمی نے دیا۔ بابراعظم کی ناٹ آٓؤٹ رہتے ہوئے 90 رنزکی اننگ بھی جیت نہ دلا سکی۔ ٹاس جیتنے کے بعد کراچی کنگز نے آج فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کامران اکمل اور ززائی ابتدا سے ہی کراچی کنگز کے بالرز پر حاوی رہے۔ بالخصوص افغان بلے باز ززائی نے کسی بالر کو نہیں بخشا۔
کامران اکمل 21 رنز بنا کر چلتے بنے۔ حیدر علی نے 16 رنز جوڑے۔ جس کے بعد ایک بار پوزیشن سنبھالی تجربہ کار بلے باز شعیب ملک نے اور اس بار ان کا ساتھ بین کٹنگ نے دیا۔ دونوں نے فیلڈرز اور بالرز کی خوب دوڑیں لگائیں۔ بین کٹنگ نے 25 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ شعیب ملک نے 52 رنز ناٹ آٓؤٹ بنائے۔
مقررہ اوورز پر پشاور زلمی نے 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 173 رنز کیے۔ کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف نے 36 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ عامر یامین کے حصے میں ایک کھلاڑی آیا۔ جواب میں کراچی کنگز کو ابتدا میں ہی ان فارم بلے باز شرجیل خان کا نقصان اٹھانا پڑا۔ جو کھاتہ کھولے بغیر شعیب ملک کا شکار بنے۔
کچھ ایسی ہی صورتحال صاحبزادہ فرحان کے ساتھ بھی رہی لیکن اس مرحلے پر کپتان بابراعظم وکٹ پر ڈٹے رہے۔ جنہوں نے پہلے ایان کوک بن کے ساتھ شراکت جوڑی۔ جو 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد بابراعظم نے عامر یامین کے ساتھ اچھی شراکت قائم کی۔ عامر یامین کے آؤٹ ہوتے ہی کراچی کنگز جیت سے اور دور ہوتی گئی اور پھر یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے محمد عمر نے اس موقع پر انتہائی غیر معمولی بالنگ کا مظاہرہ کیا۔ جنہوں نے صرف 22 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آٓؤٹ کیا۔حسین طلعت، عثمان قادر اور مین آف دی میچ شعیب ملک نے ایک ایک کھلاڑی کو میدان بدر کیا۔
پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض ایک بار پھر مہنگے ترین بالر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 43 رنز کا خزانہ لٹایا۔ میچ کی جب آخری گیند پھینکی گئی تو کراچی کنگز ہدف سے 9 رنز دور تھی۔ بابراعظم نے12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 90 رنز کی شاندار اننگ کھیلی لیکن وہ بھی ٹیم کے لیے کام نہ آئی۔ اس ہار کے بعد کراچی کنگز کے لیے پی ایس ایل کے فائنل فور میں رہنے کے امکان اسی وقت تک باقی رہیں گے جب وہ باقی میچز میں کامیابی حاصل کرے۔
اس جیت کے بعد پشاور زلمی 4 میچز میں سے 2 جیتی اور 2 ہاری اور پوائنٹ ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے۔ ہفتے کو 2 میچز کھیلے جائیں گے ۔ دوپہر میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندر آمنے سامنے ہوں گے جبکہ شام میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانزکا ٹاکرا ہوگا۔
Discussion about this post