کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کا راج، شہرقائد کے باسیوں چور لیٹروں کے آگے بے بس، عوام کے بعد صحافی بھی ڈاکوؤں کی درندگی کا نشانہ بننے لگے۔ ڈاکو کی اندھا دھند فائرنگ سے سماء ٹی وی کے سینئر پروڈیوسر اطہر متین کو سرعام قتل کردیا گیا۔ ظلم و بربریت کی یہ خونی داستان کھیلی گئی کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر۔ جہاں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کا مقصد تھا شہریوں کو لوٹنا، صحافی اطہر متین نے شہری اور خود کا دفاع کرتے ہوئے ان آزاد اور نڈر درندوں کی واردات کو ناکام بنانا چاہا، اور بہادری کے ساتھ آگے بڑھے اور ان ڈاکوؤں کو گاڑی سے کچلنے کی ٹھانی، جس پر ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
بعدازاں یہ بزدل ڈاکو اپنی موٹرسائیکل چھوڑ کر دوسرے شہری کی بائیک لے کر ایک بار پھر پولیس کی پہنچ سے آزاد ہوگئے۔ ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق نامعلوم افراد نے صحافی اطہر متین کو 3 گولیاں ماری، جو ان کے سینے پر لگی، اطہر متین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ان کی میت عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق اطہر متین بچوں کو اسکول چھوڑکرگھر جارہے تھے کہ ان کے ساتھ یہ لرزہ خیز واقعہ پیش آیا۔ تاہم جائےوقوعہ پرکرائم سین یونٹ کی ٹیم طلب کرلی گئی ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
جبکہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزیراعلیٰ سندھ نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔
Discussion about this post