بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر ہاپور کے طالب علم اس وقت دنگ رہ گئے، اسکول میں داخل ہونے کے ساتھ ہی انہوں نے پرنسپل کے ہاتھوں میں قینچی دیکھی۔ 84 طالب علم جو لمبے گھنے بال رکھے ہوئے تھے، پرنسپل راجیش یادیو کے سامنے انہیں پیش کیا گیا ۔ جنہوں نے کسی ماہر حجام کی طرح ان سارے طالب علموں کے بالوں کو کاٹ کرانتہائی چھوٹا کردیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ان طالب علموں کو بار بار کہا گیا تھا کہ وہ لمبے بالوں سے نجات حاصل کرکے اسکول قوانین پر عمل کریں لیکن وہ اسکول انتظامیہ کی بات ہوا میں اڑا دیتے۔
اب یہ صورتحال ہے کہ خود ان کے بال اتنے چھوٹے ہوگئے ہیں کہ وہ تیز ہوا میں بھی نہیں اڑ سکتے۔اُدھر والدین نے انتظامیہ کے اس رویے کو ہتک آمیز قرار دیا ہے۔ ان 84 طالب علموں میں سے 2 کے والدین نے اسکول انتظامیہ کے خلاف باقاعدہ طور پر محکمہ تعلیم میں شکایت بھی درج کرادی ہے۔ دوسری جانب اسکول انتظامیہ اپنے موقف پر ڈٹی ہوئی، جس کا کہنا ہے کہ قوانین پر کسی کو فوقیت نہیں دی جائے گی۔
Discussion about this post