مارول اسٹوڈیو کی ویب سیریز ’مس مارول‘ کے ٹریلر جاری ہوتے ہی مداح اس کے سحر میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ ایک منٹ 47 سیکنڈز کے اس ٹریلر میں سپر ہیروز کے شائقین کے لیے ڈراما، رومانس، ایڈونچر، سسپنس اور سائنس فکشن کے بہترین اور حیران کن مناظر ہیں جن کو پرستار رواں سال جون کے مہینے میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم ڈیزنی پلس میں دیکھ سکیں گے۔
مس مارول ویب سیریز کی مرکزی کہانی کمالہ خان نامی سپر ہیرو لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو کہ دراصل ایک پاکستانی نژاد لڑکی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سپر ہیرو کی کہانی ناصرف مسلمان بلکہ پاکستانی کے گرد گھومے گی۔
ٹریلر میں کیا دکھایا گیا؟
ویب سیریز کے دلچسپ ٹریلر میں نوعمر مسلم لڑکی کو سپر ہیروز سے متاثر ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ کمالہ چاہتی ہیں کہ وہ بھی سپر ہیروز کی طرح کپڑے پہنے اور انہی کی طرح مشکل میں پھنسے لوگوں کی مدد کریں جبکہ دنیا کو بہتر بنانے کے لیے بھی وہ کوشاں ہیں لیکن ایک موقع پر وہ مایوسی کا شکار ہوجاتی ہیں اور اپنی تمام تر کوشش ترک کردیتی ہیں۔
لیکن اچانک ہی انہیں غیر معمولی طاقتیں مل جاتی ہیں جس کے بعد وہ سپر ہیرو بن جاتی ہیں۔ ویب سیریز کے ٹریلر میں کئی مسلمان کردار بھی دکھائے گئے ہیں جبکہ نماز ادا کیے جانے والے مناظر بھی ہیں۔ اس کے علاوہ ٹریلر میں پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ کی بھی جھلک ہے۔
مختصر ویب سیریز میں مرکزی کردار 16 سالہ ایمان ولانی ادا کر رہی ہیں، وہ اس سے قبل بھی امریکی ڈراموں میں کام کرچکی ہیں۔
مس مارول میں اداکار فواد خان،اور مہوش حیات بھی جلوہ گر ہوں گے جبکہ سیریز کی ہدایات پاکستانی ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے اور ان کے ساتھ مزید تین نامور ہدایت کارعدیل العربی، بلال فلاح اور بھارتی نژاد امریکی خاتون میرا مینن نے دی ہیں۔
Discussion about this post