چین کے شمال مغربی صوبے گانسو کی زیادہ تر آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہے۔ کہتے ہیں چین میں سب سے پہلے اسلام اسی صوبے میں آیا تھا۔ اس صوبے میں مقیم بیشتر مسلمان ہوئی نسل کے ہیں۔ گانسو کا دارالحکومت لانجو ہے۔ لانجو کو چین میں مسلمانوں کے لیے بہترین شہروں میں سے ایک تصور کیا جاتا ہے۔ یہاں مسلمانوں کو اپنی زندگی اپنی مرضی سے گزارنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ لانجو کی سڑکوں پر داڑھی رکھے ہوئے مرد اور اسکارف پہنی ہوئی عورتیں عام نظر آتی ہیں۔ یہاں موجود زیادہ تر ریستوران حلال ہیں۔ حتیٰ کہ میک ڈونلڈز، کے ایف سی اور پیزا ہٹ جیسے فاسٹ فوڈ ریستوران بھی حلال گوشت کا ہی استعمال کرتے ہیں۔
اس صوبے کی خاص سوغات لانجو لامیان ہیں جو نہ صرف لانجو بلکہ پورے چین میں نہایت ذوق و شوق سے کھائے جاتے ہیں۔ لفظ لامیان دو الفاظ لا اور میان کا مرکب ہے۔ لا کا مطلب ہے کھینچنا اور میان کا مطلب ہے نوڈلز۔ یعنی ایسے نوڈلز جنہیں ہاتھوں کی مدد سے کھینچ کر بنایا گیا ہو۔ لامیان بنانے کے لیے نرم گوندھے ہوئے آٹے کا استعمال کیا جاتا ہے۔ خانساماں اس گوندھے ہوئے آٹے کے ایک بڑے سے پیڑے کو اپنے ہاتھوں کی مدد سے بار بار بل دیتے ہوئے لمبائی کے رخ کھینچتا ہے۔ وہ یہ عمل بار بار دہراتا ہے حتیٰ کہ وہ پیڑا باریک اور لمبے نوڈلز میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ چین میں نوڈلز بنانے کا یہ طریقہ کم از کم پانچ ہزار سال سے استعمال ہوتا آ رہا ہے۔
نوڈلز بن جائیں تو انہیں کھولتے ہوئے پانی میں ابالا جاتا ہے۔ پکنے کے بعد انہیں ایک گہرے پیالے میں ڈالا جاتا ہے۔ اوپر گائے کے گوشت کی گرما گرم یخنی انڈیلی جاتی ہے۔ چین میں سور کا گوشت عام کھایا جاتا ہے لیکن اس صوبے کے کھانوں میں صرف اور صرف حلال جانوروں کے گوشت کا استعمال کیا جاتا ہے۔ لانجو سے باہر بھی لانجو لامیان صرف اور صرف حلال ریستوران میں حلال گوشت سے بنے ہوئے ہی دستیاب ہوتے ہیں۔
لانجو لامیان کے پیالے میں یخنی کے اضافے کے بعد گائے کے گوشت کے باریک پارچے، کتری ہوئی ہری پیار اور ہرے دھنیے کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔ روایتی طور پر بیف یخنی میں مولی کے باریک کٹے ہوئے قتلے بھی شامل ہوتے ہیں جو کھانے میں کافی اچھے محسوس ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ ان ریستورانوں میں چلی آئل بھی رکھا ہوتا ہے۔ کھانے والا اپنے پیالے میں اپنی مرضی کے مطابق چلی آئل کا اضافہ کر سکتا ہے۔ بعض لوگ اپنے لانجو لامیان کے باؤل میں مختلف اشیاء جیسے کہ ابلے ہوئے انڈے اور سبز پتوں والی سبزیوں کا اضافہ بھی کرواتے ہیں۔
آگر آپ نے لانجو لامیان کا بھرپور مزہ لینا ہو تو اس کے لیے لانجو جائیں۔ وہاں نہ جا سکیں تو کوئی بات نہیں۔ لانجو کے مقامی افراد نے چین کے ہر حصے میں اپنے صوبے کے کھانوں کے مخصوص ریستوران کھول رکھے ہیں۔ ان ریستورانوں میں لانجو لامیان کے علاوہ اس صوبے کے دیگر کھانے بھی دستیاب ہوتے ہیں۔ آپ ان ریستورانوں میں بھی لانجو لامیان سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
Discussion about this post