قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے نظریہ ضرورت ہمیشہ کے لیے دفن کردیا۔ پارلیمنٹ کا مستقبل بہت روشن ہے۔ یہ ایک یادگار فیصلہ ہے۔ سپریم کورٹ نے غیرآئینی ہتکھنڈوں کے خاتمے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سوال کے جواب پر کہ اگر حکومتی ارکان استعفیٰ دیتے ہیں تو یہ ان کی مرضی، وہ یہ بڑے شوق سے یہ کرسکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کسی کی جیت یا ہار نہیں بلکہ آئین کی جیت ہے۔
اب قیامت تک کوئی نظریہ ضرورت کو استعمال نہیں کرے گا۔ اس فیصلے پر اعلیٰ عدلیہ کے شکر گزار ہیں۔ جس کا نام سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔ اجتماعی کوشش سے تحریک عدم اعتماد کو کامیاب کرائیں گے۔ شہباز شریف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ان کی ڈکشنری میں انتقام کا کوئی لفظ نہیں۔
جمہوریت بہترین انتقام ہے، بلاول بھٹو زرداری
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسے تاریخی فتح قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ کارکن اپنے اپنے علاقوں میں جیت کا جشن منائیں۔ بلاول بھٹو زرداری کے مطابق جمہوریت بہترین انتقام ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹ میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔ بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھا کہ یہ جمہوریت کی جیت ہے۔ کوشش کریں گے کہ نئے انتخابی اصلاحات کے ذریعے شفاف الیکشن کرائیں گے۔
قوم کو آئین کی جیت مبارک ہو،آصف زرداری
پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آئین ہی مقدس ہے، آئین ہی سپریم ہے۔ جمہوریت مضبوط اور مستحکم ہوگی۔
مولانا فضل الرحمان کا یوم تشکر اعلان
جے یو آئی ف نے سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہ جمعے کو یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ عدلیہ نے آئین کی روح کے مطابق فیصلہ کیا۔
یہ انصاف کی جیت ہے، خالد مقبول صدیقی
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ انصاف کی جیت ہے۔ امید رکھتے ہیں کہ نئی قیادت تمام علاقوں اور قومیتوں کا خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے بار کونسلز کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس جدوجہد میں متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دیا۔
قوم کو آئین کی سربلندی مبارک، مریم نواز
مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کے مطابق آئین توڑنے والوں کا کام ہمیشہ کے لیے تمام ہوا۔ پاکستان چمکتا دمکتا رہے۔ وزیراعظم شہباز شریف ہی ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان جمعہ کی شام قوم سے خطاب کریں گے
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اب جمعے کی شب قوم سے ٹی وی پر خطاب کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بدقسمت فیصلے نے ملکی سیاسی بحران میں بہت اضافہ کردیا ہے۔ فوری الیکشن ملک میں استحکام لا سکتا تھا بدقسمتی سے عوام کی اہمیت کو نظر انداز کیا گیا ہے۔
Discussion about this post