ویمن یونیورسٹی صوابی کی انتظامیہ کا انوکھا فیصلہ، اب طالبات کو یونیورسٹی کے احاطے میں موبائل فون استعمال کرنے پر ادا کرنا پڑے گا بھاری جرمانہ کیونکہ انتظامیہ نے طالبات کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پڑھائی کے اوقات میں موبائل فونز کا استعمال طلبات کی پڑھائی، اخلاقیات اور کارکردگی کو متاثر کررہا ہے۔ اعلامیے کے مطابق اساتذہ اور انتظامیہ کی جانب سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ طالبات میں سوشل میڈیا ایپلیکیشنز بالخصوص ٹک ٹاک کے استعمال کا رحجان بھی بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے جامعہ کا تعلیمی ماحول اور وقار متاثر ہورہا تھا لہذا اسی لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ طالبات کلاسز کے دوران اور یونیورسٹی کے حدود میں موبائل فونز استعمال نہیں کریں گی، یونیورسٹی ڈسپلن پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ کسی بھی طالبہ کی جانب سے پابندی کی خلاف ورزی کی گئی تو اسے 5 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے پڑیں گے۔
Discussion about this post