تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے جہلم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شکر ادا کرتے ہیں کہ اُن کی کال پر عوام جاگ اٹھی۔ اب اسلام آباد میں 20 نہیں بلکہ 25 لاکھ لوگ اکٹھے ہوں گے۔ جن کا صرف ایک ہی مطالبہ ہوگا کہ حکومت جتنی جلدی ہو انتخابات کرائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نون لیگ کا حکومتی وفد عوام کے پیسوں پرلندن نواز شریف سے ملنے جارہا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسا کبھی کبھی ہوتا ہے جب قوم اکٹھی ہو۔ پوری قوم فیصلہ کرتی ہے، آزادی کی جنگ لڑنی ہے۔ ان کے مطابق 30 سال سے ملک کو 2 خاندان لوٹ رہے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ بہت جلد سندھ کا دورہ کریں گے اور آصف علی زرداری کی حقیقت سندھ کی عوام کو بتائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی فوج کے خلاف کوئی بات نہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے ان پر الزام لگایا کہ وہ پاک فوج کیخلاف بات کررہے ہیں، اصل میں میر جعفر اور میر صادق تو شہباز شریف خود ہیں۔ بھارت نے ڈس انفولیب کے ذریعے فوج اور عمران خان کو نشانہ بنایا۔ بھارت نے دنیا بھر میں 600 جعلی میڈیا ہاؤسز بنائے۔ بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا مقصد پاکستان کو توڑنا ہے۔ کابینہ میں 60 فی صد ضمانت پر ہیں۔ عمران خان کے مطابق ان کا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔ خواہش ہے کہ ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے تاکہ وہ کہیں جا ہی نہ سکیں۔ سابق وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں ایک بھی نجی دورہ نہیں کیا۔
Discussion about this post