محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مختلف شہروں میں موسم آج شدید گرم رہنے کا امکان ہے، کراچی میں سمندری ہوائیں متاثر ہونے کے سبب پارہ 40 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہےجبکہ دیہی سندھ کے مختلف اضلاع 16 مئی تک غیرمعمولی گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ وسطی اور بالائی سندھ میں بھی سورج اپنا قہر برسائے گا جہاں پارہ 47 سے 49 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔ لاہور میں بھی گرمی کی شدت برقرار ہے اور پارہ 42 ڈگری پر پہنچ گیا ہے، اسی طرح ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 47 اور 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کراچی، سندھ اور دیگر صوبوں میں ہیٹ ویو کے خطرات کے باعث محکمہ صحت نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ایڈوائزری بھی جاری کردی ہے جبکہ طبی عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ پنجاب اور سندھ کے نجی اور سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک سینٹر قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری، تمام ضروری سامان کا اسٹاک رکھنے اور ایمبولینس کی موجودگی کو بھی یقینی بنائے جانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو گرمی کی لہر سے بچنے کے لیے گھر سے غیرضروری باہر نہ نکلنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
Discussion about this post