تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ” بول نیوز” کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کو اقتدار سے نہ نکالا تو ملکی ایٹمی اثاثے چھن جائیں گے اور ملک کے تین ٹکڑے ہوجائیں گے۔ عمران خان کے اس متنازعہ بیان پر ملک بھر میں شدید احتجاج کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ عمران نیازی ملک کے خلاف کھلی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ عمران نیازی عوامی عہدے کے لیے نااہل ہیں تو ان کا تازہ انٹرویو کافی ہے۔ عمران نیازی سیاست کریں لیکن حد سے تجاوز نہ کریں۔ پاکستان کی تقسیم کی بات کرنے کی ہمت نہ کریں۔
دوسری جانب آصف علی زرداری نے بھی عمران خان کے بیان کی مذمت کی ہے۔ سابق صدر نے پیپلز پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ عمران خان کے اس بیان پر گلی گلی احتجاج اور مظاہرے کریں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی پاکستانی اس ملک کے ٹکڑے کرنے کی بات نہیں کرسکتا۔ ملک کے 3 ٹکڑے کرنے کی خواہش ہمارے اور ہماری نسلوں کے جیتے جی پوری نہیں ہوسکتی۔ آصف علی زرداری نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ بہادر بنیں، اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر سیاست کرنا سیکھیں۔
Discussion about this post