معروف سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے ایک بار پھر صارفین کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے زبردست فیچر متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت صارف اب بیک وقت میں ایک سے زائد پروفائلز بناسکتا ہے یعنی ایک اکاؤنٹ سے اب 5 پروفائلز منسلک ہوسکتے ہیں۔ اس فیچر کی خاصیت یہ بھی ہے کہ ان پروفائلز کو کسی دوسرے صارف کی شناخت اختیار کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
میٹا انتظامیہ کے مطابق صارفین اس فیچر کے تحت اپنے مشاغل جیسے کھانا پینا، پینٹنگ، سیاحت، شاپنگ، فوٹوگرافی یا دیگر پروفائلز بناسکیں گے، اسی طرح وہ ایک الگ پروفائل بھی بناسکیں گے جو مخصوص دوستوں یا گھروالوں سے رابطے کے لیے ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق مختلف پروفائلز بنانے کے لیے صارفین کو میٹا کی جانب سے بنائے گئے قوانین کی پابندی کرنا لازمی ہوگا، کسی کو بھی نفرت انگیز مواد اور تشدد دھمکی، آن لائن ہراسگی کے پوسٹ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ اگر کوئی صارف ایسا کرتا ہے تو میٹا انتظامیہ کی جانب سے ملنے والے ردعمل کا اطلاق تمام کاؤنٹس پر ہوگا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس نئے فیچر کی آزمائش چند مخصوص ممالک میں کی جارہی ہے تاہم سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی جانب سے فی الحال یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ فیچر کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
Discussion about this post