کبھی شوخ اور چنچل تو کبھی معصوم ڈری سہمی لڑکی کا کردار، اداکارہ سجل علی کامیابی کی سیڑھیاں چلتی ہی جارہی ہیں، اس بار انہیں آنے والی نئی سیریز میں مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کا کردار نبھاتے ہوئے دیکھا جائے گا، اس سیریز کے ذریعے تقسیم ہند اور تاریخی شخصیت مادر ملت کی زندگی پر روشنی ڈالی جائے گی۔
سجل علی کی اس نئی سیریز میں ایک منظر بمبئی سے متعلق، دوسرا مہاجرین کی آمد اور تیسرا فاطمہ جناح کے الیکشن لڑنے سے متعلق ہے۔ اس مذکورہ سیریز کے تین سیزن ہوں گے، سجل علی دوسرے سیزن میں نظر آئیں گی، سمیہ ممتاز اور سندس فرحان بھی فاطمہ جناح کی زندگی کے مختلف ادوار کی بنیاد پر ان کا کردار نبھائیں گی جبکہ انٹرنیٹ سینسیشنل دنانیر مبین بھی اس سیریز کا حصہ ہوں گی۔
محترمہ فاطمہ جناح اور تقسیمِ ہند سے متعلق اس سیریز کی کہانی کو دانیال افضل نے تحریر کیا ہے اور وہ خود ہی اس سیریز کے ہدایتکار بھی ہیں۔ سیریز کا تعارفی ٹیزر 14 اگست کو ریلیز کیا جائے گا، جسے ابتدائی طور پر او ٹی ٹی پلیٹ فارم ”اور ڈیجیٹل” پر ریلیز کیا جائے گا جبکہ ٹی وی چینل پر بھی ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔
Discussion about this post