اسلام آباد میں امن کو فروغ دینے اور موسمیاتی بحران کے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے ” ویمن جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان ، یوتھ کلائمٹ ایکٹوسٹس آف پاکستان اور گلوبل نیبرہوڈ فار میڈیا انووشن کے درمیان دوستانہ فٹ بال میچ جناح اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اس دلچسپ مقابلے میں یوتھ کلائمٹ ایکٹوسٹس پاکستان نے خاتون صحافیوں کو تین صفر سے ہرا کر ٹرافی پر قبضہ جمایا۔ یوتھ کلائمٹ ایکٹوسٹس پاکستان نے ابتدا سے ہی میچ میں اپنا دباؤ برقرار رکھا اور کسی بھی مرحلے پر مخالف ٹیم کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔
کپتان عائلہ عادل کا کھیل نمایاں رہا۔ جنہوں نے 2 گول داغ کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ خاتون صحافیوں کی جانب سے فوزیہ کلثوم رانا، ثنا ارشد اور سبین نے تابڑ توڑ جارحانہ حملے کرکے گول کرنے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھی۔ اس ٹیم کی قیادت چینل 24 کی روزینہ علی نے کی ۔ جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ثنا ارشد (آج ٹی وی)، رخسانہ مسرت (ریڈیو پاکستان)، فوزیہ کلثوم رانا (آج ٹی وی)، کرن خان (ڈان نیوز ٹی وی)، سبین (جی این این) اور ذکیہ (پی ٹی وی) شامل تھیں۔ امیرہ عادل، عائلہ عادل، ہانیہ عمران، رخسانہ اور شازیہ پر یوتھ کلائمٹ ایکٹوسٹس آف پاکستان کی ٹیم مشتمل تھی۔ میچ کے اختتام پر نائب صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد مائرہ عمران نے فاتح اور رنراپ ٹیم میں انعامات تقسیم کیے۔ جبکہ کھلاڑیوں نے ماحولیاتی آلودگی کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں پودے بھی لگائے۔
اس خبر سے متعلق مزید پڑھیں:
Discussion about this post