پیر کی رات حکومت نے اچانک ہی پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کرکے سب کو حیران کردیا۔ یہ اضافہ ایسی صورتحال میں ہوا، جب دنیا بھر میں تیل کی قیمت نیچے آگئی ہے۔ اس سلسلے میں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنے۔ جنہوں نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ نہیں کہا تھا کہ تیل کے دام نہیں بڑھیں گی۔ وزیرخزانہ کے مطابق وہ تو یہ کہتے آئے ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس نہیں لگائیں گے۔ اُدھر لگ یہی رہا ہے کہ اتحادی بھی پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر خوش نہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کی اپنی پارٹی کے قائد نواز شریف نے بھی اس فیصلے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔مریم نواز کے ٹوئٹ کے مطابق میاں صاحب نے اس فیصلے کی سخت مخالفت کی اور یہاں تک کہہ دیا کہ وہ مزید ایک پیسے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈال سکتے اور اگر حکومت کی کوئی مجبوری ہے تو وہ اس فیصلے میں شامل نہیں ہیں۔ مریم نواز کا دعویٰ ہے کہ پھر نواز شریف میٹنگ چھوڑ کر چلے گئے۔
میاں صاحب نے اس فیصلے کی سخت مخالفت کی اور یہاں تک کہ دیا کہ میں مزید ایک پیسے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈال سکتا اور اگر حکومت کی کوئی مجبوری ہے تو میں اس فیصلے میں شامل نہیں ہوں اور میٹنگ چھوڑ کر چلے گئے۔ https://t.co/McG019GW6Z
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) August 15, 2022
ادھر پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پیٹرول مہنگا کرنے پر خاصے ناراض ہیں۔ ایک بیان کے مطابق آصف علی زرداری نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم سب اس حکومت میں عوام کو ریلیف دینے آئے ہیں، عوام کو ریلیف دینا ہی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس اقدام پر بھی حیرانی کا اظہار کیا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کے فیصلے پر مشاورت نہیں کی ۔ زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا عندیہ دیا ہے۔
ہم سب اس حکومت میں عوام کو ریلیف دینے آئے ہیں اور یہی ہماری اولین ترجیح ہونا چاہیے، صدر زرداری
وزیراعظم کے ساتھ ہیں اور جلد ان سے ملاقات کروں گا اور اس میں معاشی ٹیم کے بارے میں بھی بات ہوگی، صدر زرداری
— PPP (@MediaCellPPP) August 16, 2022
دوسری جانب حکومتی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پیٹرول قیمتوں میں اضافہ مہنگائی میں اضافے کا سبب قرار دیا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اضافہ سمجھ سے بالا ہے۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس فیصلے پر نظرثانی کریں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اپوزیشن کی بڑی جماعت تحریک انصاف اب تک اس فیصلے کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ نہیں کراسکی ۔
وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے فیصلے پر نظرِ ثانی کریں، رابطہ کمیٹی @allaboutmqm
— MQM Pakistan (@MQMPKOfficial) August 16, 2022
اس خبر سے متعلق مزید پڑھیں
Discussion about this post