چنیوٹ کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ 76 سالہ جنتاں بی بی کے اغوا اور قتل کا معمہ 20 روز بعد حل کرلیا ، اغوا کے بعد قتل کرنے والے قاتل کوئی اور نہیں بلکہ عمر رسیدہ خاتون کے اپنے ہی دو سگے پوتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ اسد الرحمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ یکم اگست کو76 سالہ جنتاں بی بی سبزی لینے گھر سے باہر گئیں اور پھر کبھی واپس نہ آئیں۔
اہلخانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت خاتون کی تلاش جاری رکھی، مساجد میں اعلانات کرائے گئے اور سوشل میڈیا پر بھی جنتاں بی بی کی تصویر شیئر کی گئی تاہم ان کا کوئی سراغ نہ ملا۔ واقعے کے تیسرے روز 3 اگست کو پولیس کو اطلاع دی گئی، بیٹے کی مدعیت پر اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا لیکن ابتدائی تفتیش پر بھی کوئی سراغ نہ ملا تو تفتیش کو مزید تیز کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی اور علاقے کی سی سی ٹی وی کیمروں کا سہارا لیا گیا۔پولیس کے مطابق یکم اگست کی شام 5 بجے کے قریب ایک عمر رسیدہ خاتون کو 10 کیمروں میں دیکھاگیا جو کچھ دیر بعد اچانک غائب ہوجاتی ہیں اور نظر نہیں آتی ہیں۔
پولیس کے مطابق چھان بین سے معلوم ہوا کہ جنتاں بی بی کے دو بیٹے ہیں، وہ اپنے چھوٹے بیٹے قیصر کے ساتھ رہتی تھیں جبکہ بڑے بیٹے کے ہاں آنا جانا کم تھا، بڑے بیٹے کے دو بیٹے علی حسن اور عابد ہیں جو علیحدہ رہتے ہیں۔ حیران کن طور پر جنتاں بی بی جس جگہ سے لاپتہ ہوئیں وہاں علی حسن اور عابد کا گھر قریب تھا، پولیس کا شک اس وقت یقین میں بدل گیا جب دونوں بھائیوں کو موٹرسائیکل پر ایک بوری لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
تھانہ سٹی پولیس کی کاروائی،اندھا قتل ٹریس،ڈی پی او اسد الرحمٰن کی پریس کانفرنس
طلائی زیور کے لالچ میں پوتوں نے اپنے گھر میں دادی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا
ملزمان نے نعش گٹو میں ڈال کر پل دریائے چناب سے نیچے پھینک دی
ملزمان کے قبضہ سے دو عدد طلائی بالیاں, نقدی برآمد کر لی گئی pic.twitter.com/NBT7xhXeMq
— Chiniot Police (@chiniot_police) August 23, 2022
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں بھائیوں کو فوری گرفتار کرلیا، دوران تفتیش دونوں نے اقرار جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ طلائی زیور کی لالچ میں ملزمان نے اپنے گھر میں دادی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا ہے اور نعش بوری میں ڈال کر پل دریائے چناب سے نیچے پھینک دی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے قبضہ سے دو عدد سونے کی بالیاں، سونے کے کڑے جو کہ ملزمان نے فروخت کردیے تھے، کی ایک لاکھ رقم برآمدکر لی گئی ہے۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال کی وجہ سے جنتاں بی بی کی نعش آگے بہہ گئی ہے جس کو ڈھونڈنے کے لیے کوششیں جاری ہے۔
Discussion about this post