ایشیا کپ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد افغان تماشائی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر آپے سے باہر ہوگئے تھے۔ جنہوں نے توڑ پھوڑ کی اور شدید نوعیت کی ہنگامہ آرائی بھی۔ پاکستانی تماشائیوں پر حملہ آور ہوئے اور بظاہر ایسا لگا رہا ہے کہ افغان تماشائیوں کی مشکلات میں اور اضافہ ہوگیا ہے۔ دبئی حکام نے اب ایسی ہنگامہ آرائی کرنے والے افغان تماشائیوں پر فی کس تین ہزاردرہم جرمانہ کردیا ہے۔جس کی پاکستانی مالیت 2 لاکھ روپے بنتی ہے۔ پولیس نے خبردار کردیا ہے کہ اگر یہ عمل مستقبل میں کسی اور میچ میں ہوا تو جیل جانے کے علاوہ ڈی پورٹ بھی کردیے جائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ افغان تماشائیوں کی اس ہنگامہ آرائی پر وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے بات کریں گےاور لازمی ہوگیا ہے کہ آئی سی سی کوئی ایکشن لے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ تماشائیوں کو غیر محفوظ نہیں بنا سکتے۔ پی سی بی اس بات کا مطالبہ کرے گا کہ تماشائیوں کی حفاظت کے لیے سخت انتظامات کیے جائیں۔ افغان تماشائیوں کی یہ عادت بن گئی ہے کہ پاکستان سے شکست کے بعد وہ پرتشدد رویہ اختیار کرلیتے ہیں۔ 2019 میں لیڈز میں ہار کے بعد افغان تماشائیوں نے پاکستانیوں پر ہلہ بول دیا تھا۔
Discussion about this post