چارلس سوم کو باضابطہ طور پر برطانیہ کا نیا بادشاہ بننے کی ذمے داری مل گئی ہے۔اس سلسلے میں سینیٹ جیمز پیلس میں سجنے والی ایک تقریب میں سابق وزرائے اعظم اور دیگر اہم برطانوی عہدیداروں نے شرکت کی۔ کنگ چارلس کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہ برطانوی شاہی خاندان کی روایات کی پاسداری اور نظم و ضبط کے سلسلے کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر کنگ چارلس نے حلف نامے پر دست خط بھی کیے۔ تقریب میں 700 سے زائد افراد کو مدعو کیا تھا لیکن پھر وقت کی کمی کے باعث یہ تعداد کم کردی گئی۔
اس نوعیت کی آخری تقریب 1952 میں ہوئی تھی۔ یاد رہے کہ برطانوی بادشاہ یا ملکہ دیگر سربراہان مملکت کی طرح حلف نہیں اٹھاتے بلکہ نئے بادشاہ کی طرف سے ایک اعلان کیا جاتا ہے کہ وہ چرچ آف اسکاٹ لینڈ کا تحفظ کرے گا۔ اس اعلان کی روایت 18ویں صدی سے جڑی ہے۔ نقاروں کی گونج میں شہزادہ چارلس کو برطانیہ کا نیا بادشاہ قرار دیا گیا۔ یہ اعلان سینٹ جیمز پیلس کی بالکونی سے کیا گیا۔ ہائیڈ پارک، ٹاور آف لندن اور بحری جہازوں سے توپوں کی سلامی دی گئی اور چارلس کی بادشاہت کا اعلان ایڈنبرا، کارڈف اور بیلفاسٹ میں پڑھ کر سنایا گیا۔
Discussion about this post