بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کو آخر کار 5 سال بعد ایک مقدمے سے نجات مل ہی گئی۔ 2017 میں درج اس مقدمے میں شہری فرید کی موت کا ذمے دار شاہ رخ خان کو قرار دیا گیاگیا۔ فرید 2017 میں اس وقت زندگی کی بازی ہار گیا تھا جب کنگ خان ” رئیس” کی تشہری مہم کے لیے گجرات کے وڈودرہ ریلوے اسٹیشن پہنچے۔ اس موقع پر بھگڈر مچی تو فرید خان کی موت ہوگئی۔ اس واقعے پر گجرات میں کانگریس کے رہنما نے عدالت میں شاہ رخ خان کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔ جواب میں ایک اور درخواست عدالت میں جمع کرائی گئی جس میں بتایا گیا کہ فرید خان دل کے عارضے میں مبتلا تھا اور اس کی موت اسی وجہ سے ہوئی۔ اسی بنا پر شاہ رخ خان کو اس کی موت کا ذمے دار ٹھہرانا کسی صورت درست نہیں۔
گجرات ہائی کورٹ نے شاہ رخ خان کی طرف سے کیس ختم کرنے کی اپیل کو منظور کرلیا تھا اور پھر 27 اپریل 2022 کو گجرات ہائی کورٹ نے شاہ رخ خان کے خلاف کریمنل کیس ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔ جسے متعلقہ کانگریسی رہنما نے سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔ بہرحال اب وہاں سے بھی یہ مقدمہ خارج کردیا گیا ہے اور کنگ خان کو بے قصور قرار دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ ” رئیس” میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کے مقابل ہیروئن کا کردار ادا کیا تھا۔
Discussion about this post