سائفر کے حوالے سے سابق وزیراعظم عمران خان کی آڈیو لیکس کے بعد اب ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم بنادی گئی ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹی فکشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم میں ایف آئی اے کے 5 ارکان شامل ہیں جبکہ ایف آئی اے اسلام آباد زون کے سربراہ تحقیقاتی ٹیم کے ڈائریکٹر ہوں گے۔ اس ٹیم میں آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے 3 ارکان بھی شریک ہیں۔ وفاقی کابینہ نے یکم اکتوبر کو ایف آئی اے کے ذریعے عمران خان ان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان اور اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی آڈیو لیکس کے بعد تحقیقات کرانے کی منظوری دی تھی۔
ایف آئی اے مکمل تحقیقات کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پھر کابینہ میں پیش کرے گی۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے مرکزی بینک سے عمران خان کے بینک کھاتوں کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے یہ اقدام توشہ خانہ ریفرنس کے تحت اٹھایا ہے۔ تفصیلات کی وصولی کے بعد الیکشن کمیشن عمران خان کے بینک کھاتوں کا جائزہ لے گاجس کے بعد ہی توشہ خانہ ریفرنس کا محفوظ فیصلہ سنایا جائے گا۔
Discussion about this post