ملٹری اکیڈمی کاکول کے 146 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کا اہتمام ہوا تو جنرل قمر جاوید باجوہ نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر 24ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کیڈٹس اور 65ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کیڈٹس نے پاس آؤٹ کیاجبکہ تقریب میں 20ویں لیڈی کورس اور پانچویں بیسک ملٹری ٹریننگ کورس کے کیڈٹس بھی شامل ہوئے۔ اسی طرح 4 خواتین سمیت 20 انٹرنیشنل کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہونے والوں میں شامل تھے۔ بہترین کارکردگی پر 146 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے کیڈٹ کو اعزازی شمشیر دی گئی جبکہ طلائی تمغہ لانگ کورس کے دوسرے نمبر پر بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹ کو دیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل دوست ملکوں کے بہترین کیڈٹ کو دیا گیا۔ آرمی چیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ کسی بھی ملک یا گروہ کو پاکستان کو سیاسی اور معاشی طور پر غیر مستحکم کرنے نہیں دیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں آپ کو بڑےاور مشکل فیصلے لینا ہوں گے۔ پرامن پاکستان ہمسایوں سے خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید کا کہنا تھا کہ کسی بھی فیک نیوز یا اس کے پروپیگنڈے پر توجہ نہ دی جائے۔
Discussion about this post