فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے صدرٹی راجا کمار نے پیرس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یہ خوش خبری سنائی کہ پاکستان جو 2018 سے گرے لسٹ میں اب وہاں سے نکل گیا ہے۔ فیٹف دراصل منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے ہونے والی فنڈنگ پر نگاہ رکھنے والا ادارہ ہے۔ فیٹف کے مطابق پاکستان نے 34 نکات پر عمل درآمد مکمل کرلیا۔ اس خوش خبری کے ساتھ ہی فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے سے پاکستان کیلئے غیر ملکی فنڈنگ کا حصول آسان ہو جائے گا۔
وزیراعظم کا اظہار تشکر
وزیراعظم شہباز شریف نے فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے پرکہا کہ شکر ہے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی۔عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی قوم کو مبارک ہو، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے۔ انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کو مبارک باد دی۔ وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ آرمی چیف کی کاوشوں سے یہ مشکل کام آسان ہوا۔ افواج پاکستان ، ڈی جی ایم او سمیت دیگر تمام ٹیم کو وزیراعظم نے مبارک باد پیش کی ہے۔
فیٹف شرائط پر عمل درآمد کے لیے آرمی چیف نے جی ایچ کیو میں اسپیشل سیل قائم کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اس کامیابی میں کلیدی کردار پر سراہتے ہیں اور مبارک دیتے ہیں، حکومت کی اتحادی جماعتوں اور قائدین کا شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے بھرپور تعاون سے یہ ممکن بنایا۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا موقف
پاکستان کے عوام کو مبارک ہو، پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سےباقاعدہ طور پر نکال دیا گیا ہے۔
وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کا بیان
وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایشیا پیسفک گروپ کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔ یہ سب سیاسی اتفاق رائے کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ حنا ربانی کھر نے اس کامیابی کا سہرہ تمام سیاسی اداروں کے سر قرار دیا ہے۔
Discussion about this post