وزارت داخلہ نے 3 رکنی تحقیقاتی ٹیم جس میں ایف آئی اے، آئی بی اور آئی ایس آئی کے افسران شامل ہیں، وہ بنادی ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے اطہر وحید، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آئی بی شاہد حامد اور آئی ایس آئی کے لیفٹیننٹ کرنل سعد احمد بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ یہ تحقیقاتی ٹیم کینیا جائے گی اور وہاں جا کر یہ معلومات حاصل کرے گی کہ صحافی ارشد شریف کے قتل کے کیا محرکات رہے۔ یاد رہے کہ کینیا کی پولیس نے یہ مان لیا تھا کہ اس نے ارشد شریف کو شناخت میں غلطی کی بنا پر گولی مار قتل کیا۔ دوسری جانب رات گئے سینئر صحافی و اینکر پرسن ارشد شریف کی میت اسلام آباد پہنچا دی گئی ہے۔ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
مقتول صحافی ارشد شریف کا پاکستان میں بھی پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا۔ اہلخانہ کے مطابق وفاقی پولیس اور انتظامیہ پمز اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے انتظامات کرے گی، ڈاکٹرز کی 3 رکنی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ ارشد شریف کی والدہ نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ پمز اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے دوران سینئر سرجن بھی ہوں۔ ارشد شریف کی نماز جنازہ جمعرت کو دن 2 بجے شاہ فیصل مسجد میں ادا ہوگی جبکہ تدفین ایچ 11 میں ہوگی۔
Discussion about this post