تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ میں اپنا جواب جمع کرادیا۔ عمران خان کے مطابق انہیں معلوم نہیں کہ سپریم کورٹ کو کسی بھی طرح کی یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ نہیں۔ اگر ایسا ہے تو ان کے علم میں یہ بات نہیں۔ عمران خان تو یہاں تک کہتے ہیں کہ انہیں ڈی چوک نہ آنے کے فیصلے کا بھی معلوم نہیں۔ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور کسی بھی طرح کی خلاف ورزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے مزید تفصیلی جواب کے لیے اب جمعرات تک کی مہلت مانگ لی ہے۔ یاد رہے کہ عدالت عظمیٰ نے توہین عدالت کیس میں عمران خان سے جواب طلب کیا تھا۔ جس میں کہا گیا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق پی ٹی آئی نے 25 مئی کے لانگ مارچ میں ریلی کو پر امن رکھنے کی یقین دہانی کرائی تھی، عمران خان اور اُن کے وکلا نے یقین دہانی کرائی تھی کہ توڑ پھوڑ نہیں کی جائے گی ورنہ توہین عدالت ہوگی لیکن اس کے باوجود یہ عمل کیا گیا۔
Discussion about this post