وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا عمران خان کو صرف سیاسی مخالف سمجھتے ہیں اور کچھ نہیں لیکن افسوس ناک امر یہ ہے کہ عمران خان نے قاتلانہ حملے کا الزام حکومت پر لگادیا۔ اس سارے معاملے کی چھان بین اب پنجاب حکومت کو کرنی ہے۔ وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ ماحول اور تعلقات خوش گوار کرنے کے لیے عیادت کو جاسکتے ہیں لیکن عمران خان نے الزاموں کی ایسی بوچھاڑ کردی ہے کہ اب جانا مناسب نہیں۔ انہوں نے اس بات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا کہ ملزم نوید کی ویڈیو کس طرح لیک ہوگئی ؟ ان کے مطابق یہ کھوج بھی لگائی جائے کہ ویڈیو لیک کی گئی ہے یا جاری۔ عمران خان کو تواتر کے ساتھ آگاہ کرتے رہے ہیں کہ اپنی سیکوریٹی کا خیال رکھیں لیکن وہ ان باتوں کو غلط رنگ دیتے۔ حکومت کو خفیہ اداروں کی رپورٹ تھی لیکن عمران خان انہیں ہوا میں اڑاتے رہے۔ عمران خان شک کرنے کے بجائے ملزم نوید کی دوسری ویڈیو کا بغور مشاہدہ کریں تو انہیں معلوم ہوجائے گا کہ ان پر حملہ حکومت نے نہیں کرایا۔وفاقی وزیر نے ایک بار پھر دہرایا کہ عمران خان کی حفاظت پنجاب حکومت کا کام ہے۔
Discussion about this post