گوگلی کے بادشاہ اور اسپن بالنگ کے جادوگر عبدالقادر مرحوم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ہال آف فیم میں شامل کرلیا ہے۔ عبدالقادر کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے شیونرائن چندرپال اور انگلینڈ کی شیرلوٹ ایڈورڈز کو بھی یہ اعزاز ملا ہے۔ عبدالقادر نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کئی مقابلوں میں شاندار کامیابیاں اپنے نام کے ساتھ منسلک کیں۔ انہوں نے 67 ٹیسٹ میچوں مں شرکت کرکے 236 شکار کیے ان میں 15 بار انہوں نے اننگ میں 5 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ بھی سرانجام دیا۔ اسی طرح اسپن جادوگر نے 104 ایک روزہ میچوں میں 132 کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم پہنچایا۔ 63 برس کی عمر میں عبدالقادر 2019 میں لاہور میں چل بسے تھے۔ ان دنوں عبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر پاکستان کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ہال آف فیم حاصل کرنے والے عبدالقادر پاکستان کی طرف سے 7 ویں کھلاڑی ہیں ، ان سے قبل حنیف محمد، ظہیر عباس، عمران خان، جاوید میاں داد، وسیم اکرم اور وقار یونس کو بھی یہ اعزاز دیا جاچکا ہے۔
Discussion about this post