تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واؤڈا کہتے ہیں کہ لندن سے جو فنڈزآئے تھے،اس معاملے پر کابینہ میں انہوں نے، فواد چوہدری اور شیریں مزاری نے سوال کیے۔ شہزاد اکبر بریفنگ دے رہے تھے۔ فیصل واؤڈا اسلام آباد میں نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔اُنہوں نے انکشاف کیا کہ اُن کا اور شہزاد اکبر کا جھگڑا ہواتھا اور انہوں نے عمران خان کو خبردار کیا تھا کہ شہزاد اکبر ملک سے باہر چلے جائیں گے اور ایسا ہی ہوا۔ شہزاد اکبر کی وجہ سے پاکستانی خزانے کو 190 ملین پاؤنڈز کا خسارہ سہنا پڑا۔
فیصل واؤڈا نے عمران خان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گرد سازشی پھر رہے ہیں۔ انہوں نے ان افواہوں کی تردید کی کہ وہ عمران خان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر عمران خان کی لانگ مارچ پر تنقید کی اور کہا کہ اس مارچ سے کس کو فائدہ ہوگا؟ کون یہ مارچ کرارہا ہے یہ سوالات بہت اہم ہیں۔ جب عمران خان کی اس قدر مقبولیت ہے تو لانگ مارچ کی ضرورت نہیں۔ اُن کے مطابق عمران خان کاروباری انسان نہیں اگر وہ فیصل واؤڈا سے سوال کرنا چاہیں تو وہ حاضر ہیں۔ آج کی پیشی کے دوران فیصل واؤڈا کو نیب نے تحریری جواب کے لیے سوال نامہ دے یا ہے۔ جس کو بھرنے کے لیے فیصل واؤڈا نے کچھ دنوں کی مہلت مانگی جو منظور ہوگئی۔
Discussion about this post