عمران خان کے لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے کڑے حفاظتی اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ امن و امان کی صورتحال کو قابو رکھنے کے لیے اسلام آباد کے انٹری پوائنٹ پر جو اہلکار تعینات کیے جائیں گے، وہ باڈی کیمروں سے آراستہ ہوں گے جو مظاہرین کی ایک ایک حرکت کو ریکارڈ کریں گے۔ مظاہرین اگر پولیس اہلکاروں پر حملہ کریں گے یا پھر سرکاری املاک کو نقصان پہنچائیں گے تو اس کی تمام تر ریکارڈنگ موجود ہوں گی۔ اسلام آباد پولیس کا کہنا اس طرح دنگا فساد کرنے والوں کی شناخت کا عمل آسان ہوجائےگا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا موقع ہوگا جب اسلام آباد پولیس باڈی کیمروں کی مدد لے گی۔ روزنامہ ” ڈان ” کے مطابق ابتدائی طور پر 10 کیمرے منگوائے گئے ہیں جس کے بعد مزید کیمروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ کیمروں کی خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ رات میں بھی عکاسی کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں جبکہ ویڈیو ہی نہیں آڈیو بھی ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان 26 نومبر کو راولپنڈی میں لانگ مارچ لے کر آرہے ہیں جس کے بعد ان کا رخ اسلام آباد کی طرف بھی ہوگا۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈیوٹی پر تعینات تمام اہلکاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے اور اہلکاروں کو ڈرونز بھی دیے جارہے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا ہےکہ اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن عامہ کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اسلام آباد میں کسی بھی قسم کےغیر قانونی عمل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
Discussion about this post