تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کہتے ہیں کہ اسلام آباد انتظامیہ نے عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراؤنڈ اترنے کی اجازت نہیں دی۔ اسد عمر کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے اجازت مسترد کرنے کی کوئی وجہ نہیں دی گئی کیونکہ کوئی وجہ ہو ہی نہیں سکتی۔ جان بوجھ کر اسلام آباد انتظامیہ عمران خان کی زندگی کے لیے خطرہ بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ادھر راولپنڈی نے پی ٹی آئی کو فیض آباد پر جلسے کی اجازت 56 شرائط کے ساتھ دے دی ہے لیکن دوسری جانب اسلام آباد جانے والے راستوں کو سیل کردیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کی طرف سے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی نے معاہدے پر دست خط کیے ہیں۔ جس میں اولین شرط یہ ہے کہ تحریک انصاف ہفتے کو ہی یہ اجتماع ختم کرنے کی پابند ہوگی۔
جلسے کی رات کو علامہ اقبال پارک میں کوئی کارکن ٹھہرے گا نہیں۔ شرکا جلسہ گاہ کے علاوہ کسی اور عمارت میں داخل نہیں ہوں گے۔ساؤنڈ سسٹم ساؤنڈ ایکٹ کے مطابق استعمال کیا جائے گا۔ اذان کے اوقات میں ساؤنڈ سسٹم بند رہے گا۔ پی ٹی آئی قیادت رضارکاروں کو داخلی راستوں پر تعینات کرے گی۔ رضاکاروں کے پاس سکیورٹی جیکٹس اور بیجز موجود ہوں جب کہ خواتین کارکنان کی تلاشی کے لیے لیڈی رضاکار اور ویمن پولیس ہو گی۔ جلسہ گاہ میں اسلحے کی نمائش اور آتش بازی پر بندش ہوگی۔ ۔ پارکنگ کے لیے ٹریفک پولیس سے تعاون کیا جائے گا۔ اسٹیج اور شرکا کے درمیان فاصلہ 80 فٹ سے کم نہیں ہوگا ۔ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے علاوہ کسی کو سکیورٹی زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اداروں اور عدلیہ کے خلاف تقاریر پر پابندی ہو گی۔ کسی دوسری سیاسی جماعت کا جھنڈا نذرآتش نہیں کیا جائے گا۔ جلسہ گاہ کے اطراف وال چاکنگ نہیں کی جائے گی۔ پنڈال میں پراپر لائٹنگ کا انتظام کیا جائے گا۔ انتظامیہ جلسے کی تمام ویڈیو ریکارڈنگ ایڈٹ کیے بغیر فراہم کرنے کی پابند ہوگی ۔ شرائط کی خلاف ورزی ہوئی تو آرگنائزر کے خلاف قانونی کارروائی کا سخت ایکشن لیا جائے گا۔
Discussion about this post