آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 6 سالہ مدت ملازمت کے بعد اپنے عہدے سبکدوش ہوگئےجبکہ دوسری جانب نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فوج کی کمان سنبھالی۔ اس سلسلے میں جی ایچ کیو راولپنڈی میں تقریب منعقد کی گئی ۔ جس میں جنرل عاصم منیر فور اسٹار جنرل کے شولڈر رینکس اور کالر میڈل لگا کر شریک ہوئے ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمان کی چھڑی جنرل عاصم منیر کو سونپی۔ جس کے بعد انہوں نے ملک کے 17 ویں آرمی چیف کی حیثیت سے پاک فوج کی کمان سنبھالی۔ اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر بھی حاضری دی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب سے خطاب بھی کیا۔ جنہوں نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مبارک باد دی۔ اُن کا کہنا تھا کہ جنرل عاصم منیر کی تعیناتی مثبت ثابت ہوگی۔ ان کے مطابق فخر ہے کمان ایک قابل سپوت کے سپرد کرکے ریٹائر ہورہے ہیں۔ یقین ہے کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں فوج کامیابیاں حاصل کرے گی۔ جنرل عاصم منیر کے ساتھ 24 سالہ پرانی رفاقت ہے، وہ حافظ قرآن ہونے کے ساتھ پیشہ ور،باصلاحیت اور اعلیٰ اصول رکھنے والے افسر ہیں۔ جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ جب بھی فوج کو کامیابی حاصل ہو گی تو انہیں خوشی ہوگی، جب فوج پر مشکل وقت آئے گا تو اُن کی دعائیں ساتھ ہوں گی۔
Discussion about this post