الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے عمران خان، فواد چوہدری اور اسدعمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔ بینچ کی سربراہی رکن سندھ نثار درانی کررہے ہیں۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری نے کمیشن کو بتایا کہ عمران خان سفر کے قابل نہیں ہوئے۔ جس پر رکن بلوچستان نے دریافت کیا کہ آپ کے موکل کا میڈیکل سرٹی فکٹ کہاں ہے؟ جواب میں فیصل چوہدری نے بتایا کہ وہ میڈیکل سرٹی فکٹ بھی پیش کردیں گے، سپریم کورٹ نے ابھی تک الیکشن کمیشن کی اپیل پر تحریری فیصلہ نہیں دیا، کیا یہ بہتر نہیں ہوگا اس کا انتظار کرلیا جائے۔ رکن کے پی نے دریافت کیا کہ اگر عمران خان بیمار ہیں تو باقی افراد کیوں پیش نہیں ہورہے؟ جس کے جواب میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے وکیل انور منصور نے جواب دیا کہ مناسب ہوگا سبھی کا مقدمہ ایک ساتھ ہی چلایا جائے۔ لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان اور فواد چوہدری کے شوکاز معطل کر رکھے ہیں۔
بشکریہ سوشل میڈیا
رکن سندھ کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتطار تو درست ہے لیکن فریقین کیوں غائب ہیں؟ جواب ملا کہ فواد چوہدری کو بخار ہے اسی لیے وہ پیش نہیں ہوسکتے۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے اگلی سماعت پر عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو 3 جنوری تک پیش ہونے کا حکم دیا۔ یاد رہے کہ اگست میں تحریک انصاف کے ان تینوں رہنماؤں نے الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات لگائے تھے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس جاری کیا تھا۔
Discussion about this post