سندھ بھر میں اعظم سواتی کے خلاف 34 مقدمات کی منسوخی کا حکم سندھ ہائی کورٹ نے دیا۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف متازعہ ٹوئٹس پر سندھ کے مختلف شہروں کے علاوہ ملک بھر میں مقدمات دائر ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ سے پہلے بلوچستان ہائی کورٹ نے اعظم سواتی کے خلاف صوبے بھر میں درج مقدمات ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔ آج سندھ ہائی کورٹ میں اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی کی درخواست پر سماعت ہوئی تو آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور پراسیکویٹر جنرل سندھ فیض شاہ بھی پیش ہوئے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اعظم سواتی کے خلاف مقدمات عام شہریوں کی طرف سے دائر کیے گئے۔ ان کے خلاف دائر تمام مقدمات کو ” سی کلاس ” کردیا گیا ہے اور تمام تر رپورٹس متعلقہ عدالتوں میں جمع کرادی گئی ہیں۔
جس پر سندھ ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ تین دنوں میں تمام ختم ہونے والے مقدمات کی رپورٹ پیش کی جائے۔ اعظم سواتی کے خلاف سندھ میں اس معاملے پر کوئی مقدمہ درج نہیں ہونا چاہیے۔
Discussion about this post