لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا کا کہنا تھا کہ اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر پرویز الہٰی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں رہی۔ گورنر کی طرف سے نوٹی فکشن جاری ہوگا جس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ اب یہ کہنا کہ گورنر پر آرٹیکل 6 لگ سکتا ہے یہ بے تکی بات ہے۔ گورنر وفاقی حکومت کو گورنر راج کے لیے بھی خط لکھ سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے ایک بار پھر باور کرایا کہ صدر، وزیراعظم کی ہدایت کے بغیر کوئی کارروائی کرنے کے مجاز نہیں۔ صدر وزیر اعظم کی ایڈوائس کے بغیر ماتھے پر بیٹھی مکھی بھی نہیں ہٹا سکتے۔ اب نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے اجلاس طلب کیا جائے گا۔ جس کا پہلا کام وزیراعلیٰ کا انتخاب کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر کو یہ حق حاصل ہے وہ کبھی بھی وزیراعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کا کہہ سکتا ہے۔
دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے صدر عارف علوی کو خط لکھنے پر مشاورت کی ہے۔ اسپیکر گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے خلاف خط لکھنے کی تیاری میں ہیں، جس میں وہ یہ مدعا اٹھائیں گے کہ گورنر پنجاب کی وزیراعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کے کہنے کی آئینی حیثیت نہیں، اسپیکرکی رولنگ آئین کے آرٹیکل 209 اے کےمطابق ہے۔
Discussion about this post