سوشل میڈیا پر ایک پوسٹر گردش میں ہے جس میں اس بات کا دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پاکستان کے مخلتف شہروں میں جنم لینے والے شہریوں پر متحدہ عرب امارات نے سیاحتی ویزے کی پابندی لگادی ہے۔ ان شہروں میں پارا چنار، ہنزہ، اسکردو، کوٹلی آزاد کشمیر، مہمند ایجنسی، کرم ایجنسی، باجوڑ ایجنسی، ہنگو، چکوال، کوہاٹ، ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، ڈیرہ غازی خان، اٹک، خوشاب، شیخو پورہ، سرگودھا، مظفر گڑھ، ساہیوال، قصور، لاڑکانہ، نواب شاہ، سکھراور کوئٹہ نمایاں طور پر شامل ہیں۔ جعلی پوسٹر کے مطابق ان شہروں کے باشندے متحدہ عرب امارات کے ویزے کے لیے حصول کے لیے رابطہ نہ کریں کیونکہ انہیں مسترد کردیا جائے گا۔
اسی سلسلے میں متحدہ عرب امارات کے کراچی کے لیے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اس پوسٹر کو جعلی اور بے بنیاد قرار دیا۔ ان کے مطابق ایسی کوئی بندش یا پابندی متحدہ عرب امارات نے کسی بھی پاکستانی شہر کے لیے نہیں لگائی۔ پاکستانی مسافر چاہے ان کا تعلق کسی بھی شہر سے وہ متحدہ عرب امارات کے ویزے کے لیے اپلائی کرستکے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کون ایسی من گھڑت خبریں پھیلا کر کیا مقاصد حاصل کرنا چاہ رہا ہے سمجھ نہیں آرہا۔
Discussion about this post