نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستان نے کھیل ختم ہونے تک 5 وکٹوں پر 317 رنز بنالیے تھے۔ کپتان بابراعظم 161 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ ان کا ساتھ دینے کے لیے آغا سلمان 3 رنز کے ساتھ تھے۔ اس سے پہلے پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو یہ اقدام اُس وقت خسارے میں بدلنے لگا جب پاکستان کی ابتدائی 4 وکٹیں صرف 110 رنز پر گر چکی تھی۔
اس مرحلے پر کپتان بابراعظم اور سابق کپتان سرفراز احمد کے درمیان 196 رنز کی شاندار شراکت ہوئی۔ جس میں بابراعظم نے سنچری اسکور کی تو وہیں سرفراز احمد نے اپنے 50 ویں ٹیسٹ کو یادگار بناتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔ سرفراز احمد بدقسمتی سے 14 رنز کی کمی کے باعث سنچری اسکور کرنے سے محروم رہے۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 7، انعام الحق نے 24 ، شان مسعود نے 3 جبکہ سعود شکیل نے 22 رنز اسکور کیے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بریس ویل اور اعجاز پٹیل نے دو دو کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ یاد رہے کہ سرفراز احمد تین سال بعد قومی ٹیم میں شامل کیے گئے جنہوں نے کراچی میں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا۔
Discussion about this post